(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غاصب صیہونی فورسز کا الزام ہے کہ شہید نے اسرائیلی فوج پر فائرنگ کی تھی جس کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو شہید کیا گیا۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد سیکیورٹی فورسز نے آج علی الصبح مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں چھاپہ مار کارروائی کا آغاز کیا، اس دوران صیہونی فوج نے ایک گھر کو گھیرے میں لیتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی اور گھر کے اندر ہینڈ گرینیڈ پھینکے، اسرائیلی فوج نے گھر میں موجود "32 سالہ نوجوان مصطفیٰ الکستونی کو فائرنگ کرکے شہید کردیا جبکہ اس دوران ایک طبی عملے کے رکن اور ایک 34 سالہ گھریلو ملازمہ بھی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگئی ہے۔
طبی عملے نے دونوں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی ہے، دونوں زخمیوں کو سر اور پیٹ میں چار سے چھ گولیاں لگیں ہیں۔
غاصب فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج خفیہ اطلاع پر کارروائی کررہی تھی اس دوران مزاحمت کاروں نے فوجیون پر فائرنگ کی جوابی کارروائی میں مزاحمت کار شہید ہوا جبکہ موقع سے دو افراد کو حراست میں لینے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ صیہونی فورسز اور غیر قانونی صیہونی آبادکاروں کے حملوں میں شہید ہونے والا یہ 10 واں فلسطینی ہے جبکہ اس دوران 50 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔