(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ فلسطین میں صیہونی شدت پسند حکومت کی سرپرستی میں صیہونی فوج اور صیہونی آبادکاروں کی جانب سے فلسطینیوں پر ہر طرح کا ظلم جاری ہے۔
فلسطینی ڈیٹا سینٹر، "مُوتی” کی جانب سے جاری کردہ نئے اعداد و شمار میں انکشاف کیا گیا ہے کہ رواں سال 2023 کے آغاز سے اب تک غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد سیکیورٹی فوسز اور غیر قانونی صیہونی آبادکاروں کے ہاتھوں خواتین اور بچوں سمیت 203 فلسطینی شہید متعدد زخمی جبکہ سیکڑوں گرفتار کئے جاچکے ہیں جبکہ تین صیہونی فوجی مزاحمت کاروں کے ہاتھوں جہنم واصل ہوئے۔
غاصب صیہونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین شہر میں بدترین بربریت کرتےہوئے 64 فلسطینیوں کو شہید کیا۔
ڈیٹا سینٹر نے مزید انکشاف کیا کہ گزشتہ سات ماہ کے دوران شمالی مغربی کنارے کے ایک اور شہر نابلس میں اسرائیلی فائرنگ سے 46 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ گذشتہ 16 سالوں سے صیہونی ریاست کی جانب سے غیر قانونی معاشی ناکہ بندی کا شکار شہر غزہ میں خواتین اور بچوں سمیت 37 افراد کو شہید کیا گیا ۔
غاصب صیہونی دشمن نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں 11 فلسطینیوں کو شہید کیا ، 10 فلسطینی الخلیل میں صیہونی دشمن کی بربریت کا شکار ہوئے، مقبوضہ بیت المقدس میں میں آٹھ فلسطینی صیہونی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں شہید ہوئے۔طولکرم میں چھ، قلقیلیہ اور بیت لحم میں چار چار اور طوباس اور سلفیت شہر میں دو دو فلسطینی شہید ہوئے۔