(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) شہید ہونے والے سب سے کم عمر بچوں میں 10 سالہ نائف خالد نائف العودات ہیں جو اگست میں غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔
مقبوضہ فلسطین میں بچوں کے حقوق کے ادارے ڈیفنس فار چلڈرن انٹرنیشنل – فلسطین (DCIP) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ رواں سال 2023 کے دوران غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کی دہشتگردی میں مقبوضہ مغربی کنارے، مقبوضہ بیت المقدس اور گذشتہ 16 سالوں سے غیر قانونی صیہونی معاشی ناکہ بندی کا شکار محصور شہر غزہ کی پٹی میں 38 فلسطینی بچے شہید ہو چکے ہیں۔
شہید ہونے والوں میں 37 کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے سے ہے جبکہ ایک کا تعلق محصور شہر غزہ سے ہے جو 2022 میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے دوران شدید زخمی ہوگیا تھا جو 2023 میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔
14 سالہ عمر محمد عمر عوادین کو صہیونی فوج نے 16 مارچ کو جینین میں اپنے والدین کی دکان کے باہر گولیاں مار کر شہید کیا، شمالی مقبوضہ مغربی کنارے میں قلقیلیہ کے شمالی دروازے کے قریب 14 سالہ امیر مامون محمد عودہ کو شہید کیا گیا۔
15 سالہ ولید سعد داؤد نصر جن کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس سے تھا ان کو اسرائیلی فوجی نے 7 مارچ کو جینین پناہ گزین کیمپ سے انخلاء کے دوران گولی مار کر شہید کیا۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں قلقیلیہ کے شمال مشرق میں واقع فلسطینی قصبے عزون میں سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ محمد ندال ابراہیم سلیم کو اسرائیلی فوجی نے 2 مارچ کو گولی مار کر شہید کیا۔
16 سالہ محمد فرید محمد شعبان کو 22 فروری کو نابلس میں اسرائیلی فوج کے حملے کے دوران اسرائیلی فورسز نے گولی مار کر شہید کیا۔ 20 فروی کو سولہ سالہ مونتاسر محمد دیب شاوا کو نابلس کے قریب بلتا پناہ گزین کیمپ پر چھاپے کے دوران صہیونی اسنائپر نے گولی مار کر شہید کیا ۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس کے فرع پناہ گزین کیمپ میں جھڑپوں کے دوران 17 سالہ محمود ماجد محمد ایاد کواسرائیلی فوجی نے گولی مار کر شہید کیا۔
17 فروری کو جنین مہاجر پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوجی نے 14 سالہ رضوان یوسف واکد کو شہید کیا 16 سالہ حمزہ امجد یوسف اشقر کو نابلس کے مشرق میں نیو عسکر پناہ گزین کیمپ کے قریب المساکین الشعبیہ میں گولی مار کر شہید کیا۔
صہیونی دہشتگری میں شہید ہونے والے سب سے کم عمر فلسطینی بچے 10 سالہ نائف خالد نائف العودات ہیں جو اگست میں غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں شدید زخمی ہوگئے تھے اور 26 جنوری کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔
25 جنوری کو صہیونی فورسز نے 17 سالہ ودیعہ عبدالعزیز ابو رموز کو گولی مار کر شہید کیا۔ 17 سالہ عبداللہ مروان جمعہ موسیٰ کو اسرائیلی فوج نے جنین شہر میں ایک فوجی چھاپے کے دوران گولی مار کر شہید کیا۔ 26 جنوری کو جنین میں فلسطینی نوجوانوں کے ایک گروپ پر اسرائیلی فورسز کی جانب سے براہ راست فائرنگ 16 سالہ وسیم امجد عارف ابو جیس کی شہادت ہوئی ۔
16 جنوری کو بیت لحم کے باہر دھیشیہ پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج نے 14 سالہ امیر خالد لفتی الخمور کو فائرنگ کرکے شہید کیا۔ 5 جنوری کو شمالی مقبوضہ مغربی کنارے میں نابلس کے باہر بلتا پناہ گزین کیمپ پر چھاپے کے دوران صہیونی فورسز نے 16 سالہ امیر غازی محمود زیتون کو فائرنگ کرکے شہید کیا۔
تین جنوری کو جنوبی مقبوضہ مغربی کنارے میں بیت لحم کے دھیشیہ پناہ گزین کیمپ کے مقام پر صہیونی فورسز نے 15 سالہ آدم عصام شاکر ایاد کو شہید کیا۔ 2 جنوری کو صہیونی فورسز نے شمالی مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین کے قریب کفر دان قصبے میں 17 سالہ فواد محمود احمد عابد کو فائرنگ کر کے شہید کیا۔
10 اپریل کے روز صہیونی فورسز نے عقبت جبر کیمپ سے پسپائی کے دوران اندھا دھند فائرنگ کی جس کی زد میں آکر 17 سالہ محمد فیاض محمد بلہان متعدد گولیاں لگنے سے شہید ہوگیا۔