(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی آبادکاروں نے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے نام پر قبلہ اول پر دھاوے بولے اور مسجد کے تقدس کو پامال کیا۔
مسجد اقصیٰ پر غیر قانونی صیہونی ریاست کے آبادکاروں کے جرائم کی تفصیلات رکھنے والی کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گذشتہ ماہ جولائی میں 6,558 غیر قانونی صیہونی آبادکاروں نے اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کے حفاظتی حصار میں قبلہ اول پر دھاوا بولا ، مسجد اقصیٰ پرآبادکاروں کا گذشتہ ماہ دھاوا جو اس سال کے آغاز کے بعد دیگر مہینوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔
گذشتہ روز 100 سے زائد صیہونی آبادکاروں نے غاصب فوج کے حفاظتی حصار میں قبلہ اول پر دھاوا بولا مسجد اقصیٰ کے اشتعال انگیز دورے کیے اور مبینہ ہیکل کے بارے میں معلومات اور بریفنگ سنی۔
آباد کاروں نے اس کے مشرقی حصے میں تلمودی رسومات ادا کیں اور پرانے قصبے میں صہیونی قابض پولیس کے سخت اقدامات دیکھے گئے۔ یہ دراندازی ایک ایسے وقت میں دیکھی جا رہی ہے جب قابض ریاست اور اس کے انتہا پسند آباد کاروں کے مسجد اقصیٰ کے خلاف سازشی منصوبے تیز ہوگیے ہیں۔