(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی دعوت پر پاکستان آئے فلسطینی وفد کے اعزاز میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان سند ھ کے صدر علامہ باقر زیدی کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
فلسطین وفد کی قیادت سابق فلسطینی وزیر برائے ورزش و جوانان اور جہاد اسلامی فلسطین کے مرکزی رہنما سید حسین البرکہ کر رہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ مجلس علمائے فلسطین کے صدر شیخ ادیب یاسر جی،عالمی مہم برائے حق واپسی فلسطین کے صدر شیخ یوسف عباس سمیت فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم موجود تھے۔
اعزازی تقریب میں علماء اور اکابرین بشمول علامہ باقر زیدی، مولانا رضی حیدر، علامہ مختار امامی، مولانا صادق تقوی، مفتی داؤد شہریار، مفتی فیروز الدین رحمانی، مفتی مرتضیٰ رحمانی، صاحبزادی معاذ نظامی، صاحبزادہ حسین رحمانی، ہندو مکھیہ عالم چند، سکھ رہنما مگھن سنگھ، انسانی حقوق کے جمشید حسین سمیت شیخ سلیم، مولانا نشان حیدر اور دیگر موجود تھے۔
تقریب میں ترجمہ کے فرائض مولانا حیات عباس نجفی نے انجام دئیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی وفدکے شرکاء نے کہا کہ مسلم امہ کا اتحاد غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے خاتمہ کی کنجی ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ آج غاصب صیہونی ریاست اسرائیل ہمارے اتحاد اور وحدت سے خوفزدہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کا مسئلہ حکومتوں سے بالا تر ہے یہ ایک انسانی مسئلہ ہے اور دنیا بھر کے عوام فلسطین کے ساتھ ہیں۔
رہنماؤں کاکہنا تھا کہ فلسطین میں مسلسل جدوجہد جاری ہے اور حال ہی میں جنین میں ہونے والے معرکہ نے ثابت کیا ہے کہ فلسطین کی مزاحمت روز بروز طاقتور ہو رہی ہے۔
انہوں نے پاکستان کے عوام کی فلسطین کے ساتھ والہانہ محبت اور عقیدت پر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال عظیم قائدین ہیں جنہوں نے فلسطین کاز کی حمایت کا اصولی موقف اپنایا تھا جو آج تک پاکستانی عوام کی صورت میں جھلک رہا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی نے فلسطین سے آئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس موقع پر فلسطینی وفد نے علمائے کرام اور شرکاء کو فلسطینی اسکارف کا تحفہ بھی پیش کیا۔