(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر فلسطینی وفد نے اسلام آبا دمیں سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ساتھ خصوصی ملاقات کی۔
فلسطینی وفد کا استقبال ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن کے صدر رضی طاہر نے کیا جبکہ ان کے ہمراہ مظاہر شگری، قمر میکن، سلمان درانی اور متعدد معروف سوشل میڈیا بلاگر موجود تھے۔
فلسطینی وفد کی قیادت مجلس علمائے فلسطین کے صدر شیخ ادیب یاسر جی کر رہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ عالمی مہم برائے حق واپسی فلسطین کے سیکرٹری جنرل شیخ یوسف عباس اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم موجود تھے۔
سوشل میڈیا کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی رہنماؤں نے کہا کہ آج غاصب صیہونی حکومت اس قدر کمزور اور خوفزدہ ہو چکی ہے کہ سوشل میڈیاکے نیٹ ورک پر فلسطین کی حمایت کو روکنے کے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف اسرائیل مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے تو دوسری طرف صحافتی دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی فلسطین سے متعلق خدمات کی قدر دانی کی اور خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر تمام کارکنوں کو فلسطینی اسکارف کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔