(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسلام آباد (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن)فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر فلسطینی وفد نے اسلام آبا دمیں جامعہ نعیمیہ اسلام آباد کا دورہ کیا۔
اس دوران ان کا استقبال جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار نعیمی نے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ علمائے کرام اور مفتیان کرام بھی موجو دتھے۔ فلسطینی وفد کی قیادت مجلس علمائے فلسطین کے صدر شیخ ادیب یاسر جی کر رہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ عالمی مہم برائے حق واپسی فلسطین کے سیکرٹری جنرل شیخ یوسف عباس اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم موجود تھے۔
مفتی گلزار نعیمی نے فلسطینی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری فلسطین کے ساتھ ہے۔ ہم ہمیشہ فلسطین کاز کی حمایت کرتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
فلسطینی رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے پاکستان میں ہیں اور پاکستان کے عوام کے فلسطین کے ساتھ لگاؤ اور عقیدت قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ جد وجہد اور تعاون سے جلد ہی فلسطین آزاد ہو گا اور ہم سب فلسطین میں القدس شریف میں نماز ادا کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر فلسطینی وفد نے تمام مہمانوں کو فلسطینی اسکارف کا تحفہ بھی پیش کیا۔