(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطین سے پاکستان کا دورہ کرنے والے وفد نے پیر کے روز اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کی تازہ ترین صورتحال بیان کی۔
فلسطین سے پاکستان آئے وفد کے شرکاء بشمول صدر مجلس علماء فلسطین شیخ ادیب یاسرجی اور سیکرٹری جنرل عالمی مہم برائے حق واپسی فلسطین شیخ یوسف عباس نے کہاکہ فلسطینیوں کا اپنے وطن واپس جانے کا حق کوئی نہیں چھین سکتا، اسرائیلی مظالم کے باوجود فلسطینی نوجوانوں کا جذبہ روز بروز بڑھ رہا ہے،پاکستان آنے کا مقصد اپنے حق کیلئے لڑنے والے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کو عالمی برادری کے سامنے لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سات روزہ دورے کے دوران پاکستان کےسیاسی وسماجی راہنماؤں، علماء کرام، وکلاء و سول سوسائٹی اور صحافیوں سمیت تمام مکتبہ فکر کے لوگوں سے ملاقاتیں ہوئیں جو کافی مفید رہیں، پاکستان آکر محسوس ہوا کہ پاکستانی عوام فلسطین سے بہت محبت کرتے ہیں۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس پریس کانفرنس سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین آج دنیا کی تمام اقوام کے درمیان ایک اہم ترین مسئلہ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کے حق واپسی کی حمایت کر رہے ہیں تا کہ فلسطینی اپنے گھروں کو جائیں اور غاصب صیہونی اپنے علاقوں میں واپس جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے ملک واپس جانا تمام فلسطینوں کا حق ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت چھین نہیں سکتی۔
عالمی مہم برائے حق واپسی فلسطین کے سیکرٹری جنرل یوسف عباس کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے حق واپسی کی آواز بلند کرنے کے لئے دنیا کے 80 سے زائد ممالک میں مہم چلا رہے ہیں پاکستان کا دورہ اس سلسلے کی کڑی ہے اور اسکے لئے ہمیں عالمی سطح پر عوام کی حمایت درکار ہے کیونکہ اسرائیلی کے بڑھتے ہوئے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے باعث فلسطینی اس وقت مشکل دور سے گزر رہے ہیں.
انھوں نے کہا ہماری مہم کا مقصد عالمی برادری کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کرانا ہے،اسرائیلی مظالم کے خلاف فلسطینیوں کا جذبہ قابل دید ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں جنین میں فلسطینیوں نے دشمن کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کو عالمی برادری کی اخلاقی حمایت کی ضرورت ہے،پاکستان ایک عظیم ملک ہے جو اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا، علامہ اقبال ہمارے بھی ہیرو ہیں،فلسطین پر اسرائیلی مظالم کیخلاف آواز بلند کرنے کے حوالے سےپاکستان پرعالمی دباؤ سے پوری طرح آگاہ ہیں۔پاکستانی اور فلسطینی یک جان دو قالب ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر اسرائیل کے ساتھ امریکہ ہے تو ہمارے ساتھ اللہ تعالیٰ ہے اورہمارے لئے اللہ ہی کافی ہے کیونکہ اس سے ہمارا ایمان مزید مضبوط ہو جاتا ہے۔
فلسطین کے عوام اور مجاہدین اسرائیل کیخلاف پوری طاقت کیساتھ میدان میں موجود ہیں جنہیں صرف آپکی کی اخلاقی حمایت درکار ہے۔ پاکستانی عوام کو سوشل میڈیا پر فلسطین کے حق میں آواز بلند کرنا چاہیئے، پریس کانفرنس میں مترجم کے فرائض حیات عباس نے انجام دیئے۔