(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اردنی شہریوں نے صیہونی افواج کی وحشیانہ کارروائی کی مذمت اور فلسطینیوں کی طرف سے غاصب فوج کےخلاف ثابت قدمی کامظاہرہ کرنے پرمزاحمتی قوتوں اور عوام کو سلام پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز اردن کے شہر عمان میں نماز جمعہ کے بعد ہزاروں اردنی باشندوں نے اسلامی تحریک کی دعوت پر غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل اور اس کی افواج کی مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں حالیہ صیہونی دہشتگردی کے خلاف عوامی مارچ کا اہتمام کیا ۔
مارچ کے شرکاء نے فلسطینی پرچم، بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کی حمایت، فلسطینی مزاحمت کی تائید اور جنین میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔
انہوں نے جنین اور تمام فلسطینی شہروں کے خلاف جارحیت میں شہید ہونے والے صالح شہداء کے خون پر اپنے فخر اور وفاداری کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان کا خون قابض ریاست کے لیے لعنت ثابت ہوگا۔
اسلامی تحریک کے رہنما محمد قطیشات نے اپنے ایک خطاب میں کہا کہ فلسطینی کاز نازک اور خطرناک لمحات میں جی رہا ہے جو صہیونی دشمن کی طرف سے یہودیت، آباد کاری، زمینوں کی چوری اور فلسطینی عوام کی بے گھری کے ذریعے مسلط ہے۔ "انہوں نے کہا کہ "فلسطینی عوام، ان کے مقدسات اور ان کی مزاحمت، آج فلسطینی مزاحمتی بریگیڈز کے ذریعے صہیونی دشمن کے ساتھ کھلے عام محاذ آرائی میں کھڑے ہیں۔”