(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی نوجوانوں نے ردعمل میں غیر قانونی صیہونی آبادکاروں پر پتھرا ؤ کیا جس سے کم سے کم دو آبادکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق گذشتہ روز اتوار کی شام مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ کے مشرق میں واقع قصبے عزون کے مغربی دروازے کے قریب غیر قانونی صیہونی آبادکار جمع ہونا شروع ہوئے جو اس بات کا اشارہ تھا کہ صیہونی آبادکار فلسطینی علاقے پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، اس دوران فلسطینی نوجوانوں نے آبادکاروں کو موقع دیئے بغیر پتھرا ؤ شروع کردیا جس کے نتیجے میں دو آباد کار زخمی ہوگئے اور ان کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔
حالیہ ہفتوں اور مہینوں کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے میں مزاحمتی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔القسام بریگیڈز کے دو مزاحمتی کارکنوں مہند شحادہ اور خالد صباح کی طرف سے کیے گئے حالیہ کمانڈو آپریشن میں 4 آباد کار ہلاک اور 3 زخمی ہوئے ہیں۔ یہ آپریشن وسطی مغربی کنارے میں رام اللہ کی "ایلی” بستی میں کیا گیا۔