(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غیر قانونی صیہونی بستی میں تقریباً ایک ہزار نئے آبادکاری یونٹس کی تعمیر شروع کرنے کا اعلان فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کا اعلان ہے۔
مقبوضہ فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرئیل کےمظالم اور جرائم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے مقبوضہ غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں غیر قانونی صیہونی بستی ایلی میں ایک ہزار مکانات کی تعمیر کے اسرائیلی اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی ننگی جارحیت اور اراضی چوری کا تسلسل قرار دیا۔
حماس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی نابلس کے مشرقی اللبن قصبے اور شمالی رام اللہ کے سنجل قصبوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر اور توسیع عالمی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے فلسطینی قوم کے خلاف جارحیت اور اراضی کی چوری کا تسلسل ہے۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کل جمعرات کو ایک پریس بیان میں کہا کہ آبادکاری کی توسیع کی پالیسی صرف ہمارے فلسطینی عوام کی اپنی سرزمین سے چمٹے رہنے کے اصرار میں اضافہ کرے گی۔ یہودی آباد کاری کے جس جرم کے خلاف فلسطینی برسر پیکار ہیں اس میں فلسطینیوں کی طرف سے مزاحمت میں مزید شدت آئے گی۔ فلسطینی قوم اپنی سرزمین پر یہودیوں کو بسانے کے مذموم پروگرام کے خلاف مزاحمت کے لیے پرعزم ہیں اور ہماری جدو جہد جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ حماس اور فلسطینی قوم اسرائیلی دشمن ریاست کی طرف سے اراضی چوری اور جارحیت پرخاموش نہیں رہے گی۔
حماس کے ترجمان نے عالمی برادری کی طرف سے فلسطین میں یہودی بستیوں کی تعمیر اور توسیع کے تسلسل پر اختیار کی گئی خاموشی کو مجرمانہ قرار دیتے ہوئے اسرائیل کے خلاف بین الاقوامی سطح پر سخت اقدامات کا مطالبہ کیا۔