(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) چین کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ چین نے فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی بحالی کے لیے ان کے منصفانہ نصب العین کی ہمیشہ بھرپور حمایت کی ہے۔
بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ چِن گینگ نے فلسطینی ہم منصب ریاض المالکی سے ملاقات کی، چین کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق انھوں نے فلسطینی وزیرخارجہ ریاض المالکی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین نے فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی بحالی کے لیے ان کے منصفانہ نصب العین کی ہمیشہ بھرپور حمایت کی ہے۔ چین مسئلہ فلسطین کو بہت اہمیت دیتا ہے اور امن مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا۔
چینی وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ گہری تبدیلیوں سے گزر تے ہوئےاسٹریٹجک آزادی کو مضبوط کر رہا ہے ایسی صورتحال میں اتحاد اور تعاون کو فروغ دینا اس کے عوام کی خواہشات اور رجحانات ہیں۔ بیجنگ فلسطین اسرائیل امن مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ فلسطین کے دیرپا حل میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
واضح رہے فلسطینی صدر محمود عباس تین روزہ سرکاری دورے پر 13سے 16 جون تک بیجنگ میں ہیں جس میں انھوں نے چینی صدر شی جی پنگ سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی ہیں ۔
فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے کہا کہ وہ فلسطین کے مسئلے پر صدر شی جی پنگ کے اقدامات کو سراہتے ہیں اور فلسطین کی بھرپور حمایت پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔