(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) طولکرم آپریش اپنی مادر وطن اور مقدسات کے دفاع کو لے کر فلسطینی عوام کے پُرعزم ہونے کا ثبوت ہے۔
فلسطین پر قابض اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان عبد اللطیف قانوع نے گذشتہ روز طولکرم میں مزاحمت کاروں کے حملے میں غیر قانونی صیہونی آبادکار کے قتل اور اس کامیاب مزاحمتی کارروائی پر شہداء الاقصیٰ بریگیڈ کو مبارکباد یتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کے مغربی کنارے اور غرب اردن کے علاقوں منجملہ طولکرم میں فلسطینی جوانوں کے ہاتھوں فائرنگ کے واقعات نے یہ ثابت کر دیا ناجائز صیہونی حکومت اس علاقے میں مزاحمتی گروہوں اور انکے انتقامی جذبے کی سرکوبی میں ناکام رہی ہے۔
حماس کے ترجمان نے کہا کہ طولکرم آپریش اپنی مادر وطن اور مقدسات کے دفاع کو لے کر فلسطینی عوام کے پُرعزم ہونے کا ثبوت ہے۔ اس آپریشن نے ایک بار پھر جرائم پیشہ صیہونی حکومت کی کمزوری کو عیاں کرنے کے ساتھ ساتھ یہ ثابت کر دیا کہ فلسطینی مزاحمت دشمن پر کاری ضرب لگانے کے لئے آمادہ ہے۔