(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فوجی مشقوں میں غاصب ریاست کی فضائیہ، پیادہ فوج اور بحریہ شامل ہیں ، مشقوں میں شمالی اور جنوبی علاقوں میں تعینات بٹالینز کوشامل کیا گیا ہے۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے معروف نیوز چینل "کان 11” کی رپورٹ کے مطابق غاصب ریاست کی نام نہاد فوج نے گذشتہ روز سے مقبوضہ فلسطین کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر فوجی مشقوں کا آغاز کردیا ہے۔
نامہ نگار بلومینتھل کی رپورٹ کے مطابق دو ہفتوں تک جاری رہنے والی ان مشقوں میں غاصب ریاست کی فضائیہ، پیادہ فوج اور بحریہ شامل ہیں ، مشقوں میں شمالی اور جنوبی علاقوں میں تعینات بٹالینز کوشامل کیا گیا ہےجس میں ہر قسم کے جنگی طیاروں کی ایک فعال نقل و حرکت کو دیکھیں گے۔
فوجی نامہ نگار نے عندیہ دیا کہ سول ایوی ایشن کے راستوں کو اس طرح تبدیل کیا گیا جس سے مشقوں میں کوئی رکاوٹ نہ آئے اور فضائی حدود کو چھوٹے طیاروں کے لیے بند کر دیا گیا۔
صیہونی فوج نے حال ہی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے پے درپے حملوں اور غزہ، لبنان اور ایران کی جانب سے شدید مزاحمت کے خوف سے کثیر جہتی جنگ کے لیے اپنی تیاریوں کے فریم ورک میں فوجی مشقوں کو تیز کیا ہے۔