(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی عوام اپنے شہداء کے خون کے ساتھ وفاداری کرتے ہوئے ان کا مشن جاری رکھیں گے۔ مسلح جہاد اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک وطن کا ایک ایک چپہ آزاد نہیں ہوجاتا۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے گذشتہ روز غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں صیہونی آباد کاروں کے حملے میں شہید ہونے والے 28 سالہ علاء خلیل قیسیہ کی شہادت پر اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کا خون جلد رنگ لائے گا اور دشمن کو فلسطین کی سرزمین خالی کرنا ہوگی۔
جاری کردہ بیان میں حماس کا کہنا تھا کہ فلسطین میں قابض ریاست کے بڑھتے ہوئے جرائم سے ہمارےعوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے بلکہ فلسطینی قوم میں مزاحمت کی طرف رحجان میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
حماس کا کہنا ہے کہ فلسطینی قوم نے ملک کے ایک ایک چپے کی آزادی کا عزم کررکھا ہے۔ حماس وطن کی آزادی کے لیے مسلح جہاد اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک وطن کا ایک ایک چپہ آزاد نہیں ہوجاتا۔
حماس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین کی آزادی مسجد اقصیٰ اور مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین کے تاریخی شہر الخلیل میں غیر قانونی صیہونی آبادکاروں کے ہاتھوں 28 سالہ فلسطینی علاء خلیل قیسیہ کی شہادت ہوئی جس پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس نے یہودی عبادت گاہ میں چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔