(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قصبے ابو دیس میں 400 رہائشی یونٹس کی تعمیر کی منظوری ، جس سے قصبے کے وسط میں ایک نئی بستی کے قیام کی راہ ہموار ہو گی ایک خطرناک پیش رفت ہے۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلا ف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے صیہونی حکام کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کے مضافات میں غیر قانونی صیہونی آبادکاروں کے لئے 400 نئے رہائشی یونٹس کی تعمیر کے اعلان پر اپنے شدید ردعمل میں عرب لیگ، اسلامی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس کو یہودیانے کے خطرے سے بچانے کے لیے موثر اقدامات کریں۔
انھوں نے کہا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی منظم آبادکاری کی غیر قانونی پالیسیوں کو روکنا ناگزیر ہے جو فلسطین میں یہودی بستیوں کی توسیع میں بین الاقوامی خاموشی کا فائدہ اٹھاتی ہے اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزیاں کررہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ نئی صیہونی بستی کی تعمیر سے القدس کو یہودیت میں تبدیل کرنے اور شہر کی تاریخی، عرب اسلامی شناخت مٹانے اور اس کا جغرافیہ اور آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔
انھوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ القدس شہر پر قبضے کو قانونی حیثیت یا خیالی خودمختاری نہیں ملے گی۔ یہ شہر عرب اور فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہے اور رہے گا۔