(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غیرقانوی صہیونی آبادکاروں کے مذہبی انتہا پسند گروپ "ہیکل آرگنائزیشنز” نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ رواں ماہ 28 مئی کو "یروشلم ڈے” کے موقع پر مسجداقصیٰ پر تلمودی تعلیمات کے مطابق اسرائیلی فوج کے حفاظتی حصار میں بڑے پیمانے پر دھاوا بولیں گے۔
گذشتہ روز جمعہ کو شدت پسند صہیونی اشتعال انگیز صہیونی گروپ "ہیکل آرگنائزیشنز” نے اپنے جاری بیان میں اعلان کیا ہے کہ وہ ہم 28 مئی کو مسجد اقصیٰ میں تلمودی تعلیمات کے تحت مذہبی رسومات کی ادائیگی کرنے کے ساتھ ہم یہ ریکارڈ توڑ دیں گے، مسجد اقصیٰ کے صحنوں پر بڑے پیمانے پر دھاوے کے لیے ہماری تقرری میں 13 دن باقی ہیں ، 5,000 سے زائد صہیونی آبادکار اس دھاوے میں حصہ لیں گے ۔
بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ "ہم سب وہاں ہوں گے۔” یہ بیان قابض ریاست کی مشرقی یروشلم پر قبضے کی سالگرہ، یا نام نہاد "یروشلم یونیفیکیشن ڈے” کو یروشلم شہر پر اپنے قبضے کی تکمیل، اور خاص طور پر اس کے مشرقی حصے پر قبضے کی یاد میں جاری کیا گیا ہے۔
پرانے بیت المقدس شہر پر اسرائیل نے 1967 کی جنگ کے دوران قبضہ کرلیا تھا۔ آباد کار گروپ اس سالگرہ کے موقع پر تقریبات کا ایک سلسلہ منعقد کرتے ہیں، جس میں ایک بہت بڑا جلوس نکالنا بھی شامل ہے جس میں آباد کار اسرائیلی جھنڈے اٹھا کر ریلی نکالتے ہیں جسے "فلیگ مارچ” کہا جاتا ہے۔