(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ سے صہیونی ریاست میں راکت حملے اسرائیلی جیل میں صہیونی حکام کی مجرمانہ غفلت اور انتقامی پالیسی کے نتیجے میں 86 روز مسلسل بھو ک ہڑتال جاری رکھنے کے بعد شہید ہونے والے فلسطینی رہ نما خضر عدنان کی شہادت کا ابتدائی رد عمل ہے۔
غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کے میڈیا کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ کی پٹی سے گذشتہ منگل کی شام غزہ سے ملحقہ غاصب صہیونی ریاست کے علاقوں میں متعدد راکٹ حملے کئے گئے ،حملوں کے نتیجے میں کم سے کم چھ صہیونی آبادکاروں کے زخمی ہونے اور ایک عمارت کے تباہ ہونے کی اطلاع ہے۔
عبرانی میڈیا نے تصدیق کی کہ کم از کم 22 راکٹ داغے گئے، جن میں سے اکثرکو اسرائیل کا جدید ترین فضائی دفاع نظام آئرن ڈوم روکنے میں ناکام رہا، یہ راکٹ دیروت کے مقام پرگرے جس کےنتیجے میں چھ آباد کارزخمی ہوئے۔
دوسری طرف فلسطینی مزاحمتی قوتوں کے مشترکہ کنٹرول روم نے ان راکٹ حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ یہ راکٹ حملے اسرائیلی جیل میں صہیونی ریاست کی مجرمانہ غفلت اور انتقامی پالیسی کے نتیجے میں فوت ہونے والے فلسطینی رہ نما خضر عدنان کی شہادت کے بعد مزاحمتی قوتوں کا ابتدائی رد عمل ہے۔
فلسطینی مزاحمتی دھڑوں کے مشترکہ کنٹرول نے باضابطہ طور پر راکٹ حملوں کی ذمہ داری کا اعلان کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قتل و غارت کے گھناؤنے جرم کےخلاف فلسطینی اپنی تمام تر طاقت سے لڑیں گے۔