(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی فوج کا دعویٰ ہے کہ فلسطینی نوجوان نے غیر قانونی آبادکارکی گاڑی کو آگ لگانے کی کوشش کی تھی۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق گذشتہ روز فلسطین پر قابض غیر قانونی صہیونی ریاست کی نام نہاد سیکیورٹی فورس کے اہلکار نے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے نبی یعقوب علیہ سلام میں 18 سالہ فلسطینی نوجوان مصعب محمد محمود نفل کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا۔
صہیونی فوج نے اپنے دعوے میں کہا ہے کہ فلسطینی نوجوان بیت حنینا کے قرب و جوار میں ایک صہیونی آباد کار گاڑی کو آگ لگانے کی کوشش کر رہا تھا جس پر فائرنگ کی گئی۔میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ نوجوان کو قابض فورسز نے گرفتار کرنے سے قبل شدید زخمی کردیا تھا۔بعد ازاں اسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا۔
فلسطینی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق قابض فوج بغیر کسی جواز کے اندھا دھند فائرنگ کے بین الاقوامی معیارات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فلسطینیوں کے خلاف حد سے زیادہ مہلک طاقت کا استعمال کرتی ہے۔سال کے آغاز سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں قابض فوج کے ہاتھوں 17 بچوں اور خواتین سمیت 98 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ سینکڑوں مختلف زخمی بھی ہوئے ہیں۔