(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )فلسطین فاونڈیشن پاکستان ملتان چیپٹر کے سرپرست اراکین بشمول، ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر میاں آصف محمود اخوانی، جمعیت علماءپاکستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ شفیق اللہ البدری، جماعت اسلامی ملتان کے امیر ڈاکٹر صفدر ہاشمی، ممبر متحدہ علماءبورڈ پنجاب علامہ نادر حسین علوی، مجلس اتحاد بین المومنین کے سربراہ علامہ غلام مصطفی انصاری، مجلس وحدت مسلمین ملتان کے صدر علامہ وسیم معصومی، آئی ایس او ملتان ڈویژن کے صدر ابوذر ہادی، تنصیر مہدی، انجینئر سخاوت علی، جماعت اسلامی کے میڈیا کوآرڈینیٹر حسان اخوانی، پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی صدر محمد رفیق ڈوگر، تحریک منہاج القرآن کے صدر احمد قریشی، پی ایل ایف ملتان کے کوارڈینیٹر ثقلین نقوی نے اتوار کے روز ملتان پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اسرائیل کے لئے ماحول سازی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی یہودی شہری کو یہ حق کس نے دیاہے کہ وہ پاکستان اور اسرائیل تعلقات کا سفیر بن جائے؟ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے۔
انہوں نے پاکستانی یہودی شہری کی جانب سے غاصب ریاست اسرائیل تک پاکستانی اشیاءکی برآمد کے معاملہ پر حکومت پر سوالیہ نشان اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا حکومت نے نطریہ پاکستان اور قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریات سے انحراف کا فیصلہ کر لیا ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی اشیاءکو اسرائیل برآمد کرنے والے پاکستانی یہودی شہری کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کاکہنا تھا کہ پاکستان میں اسرائیل کے لئے کام کرنا نظریہ پاکستان کی نفی ہے۔
اگر اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بات کی جائے تو اس کا مطلب مسئلہ کشمیر سے روگردانی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسرائیل کے لئے کام کرنے والے عناصر کا راستہ مشترکہ کوششوں سے روکیں گے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت رمضان المبارک میں جمعة الوداع کو عالمی یوم القدس منانے کا سرکاری اعلان کرے اور ملک بھر میں اسرائیل کے سلیپر سیل کےخلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے فلسطین پر قائم کی جانے والی صہیونی ریاست اسرائیل کو غاصب اور ناجائز قرار دیا ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں اسرائیل کے لئے کام کرنے والے عناصر اسکولوں اور مختلف مقامات پر غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے لئے نرم گوشہ پیدا کرنے کی گھناونی سازشیں کر رہے ہیں اور پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو کھوکھلا کرنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر جواد جعفری، احسن مہدی، مشتاق حسین، حسین رضا اور دیگر موجود تھے۔