(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حملہ آور موقع سے فرار ہوگیا ہے تاہم اسرائیلی فوج کادعویٰ ہے کہ حملہ آور فلسطینی تھا ، جو جائے وقوعہ سے پیدل فرار ہوا۔
غیرقانونی صہیونی ریاست کی نام نہاد فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ آج صبح مقبوضہ غرب اردن میں وادی اردن کے شمالی علاقے الحمرا جنکشن پر غیر قانونی یہودی بستی الاغوار کے قریب ایک نامعلوم شخص نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو صہیونی آبادکار خواتین موقع پر ہلاک ہوگئی جبکہ ایک کو انتہائی تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے مبینہ فلسطینی شخص گاڑی خراب ہو جانے کے باعث جائے وقوعہ سے پیدل ہی فرار ہوا، صہیونی فوج نے اس مقصد کے لئے اریحا اور نابلس کو جانے والے راستوں کی ناکہ بندی کر دی ہے تاکہ حملہ آور ان علاقوں کی جانب فرار نہ ہو سکے۔
واضح رہے کہ ہلاک ہونے والی دونوں خواتین کی عمریں بیس سال اور زخمی ہونے والی خاتون کی عمر 40 سال بتائی گئی ہے تاہم اس حوالے سے مزید کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔