(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی فوج نے صہیونی آبادکاروں کے تحفظ اور فوجی مقاصد کے حصول کے لیے جنسافٹ، ہوٹل اور حجہ سے فلسطینیوں کی ملکیتی 218 دونم زرعی اراضی کو ضبط کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔
صہیونی ریاست کے جرائم پر نظر رکھنے والے ادارے وال اینڈ سیٹلمنٹ کمیشن کے ڈائریکٹر عامر داؤد نے فلسطین کی سرکاری نیوز ایجنسی کو دیئے گئے ایک انٹر ویو میں انکشاف کیا کہ گذشتہ روز غیر قانونی صہیونی ریاست کی نام نہاد سیکیورٹی فورسز نے مقبوضہ قلقیلیہ گورنری کے مشرق میں جنسفوت، الفندق اور حجہ کے دیہاتوں میں فلسطینیوں کی ملکیتی اراضی پر قبضہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں زمین کے مالکان کو ایک جبری نوٹس بھی جاری کردیا گیاہے۔
قابل ذکر ہے کہ صہیونی آباد کاروں نے کئی سالوں سے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں ہزاروں زرعی زمینوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور متعدد بستیاں قائم کر رکھی ہیں۔
حالیہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ مشرقی بیت المقدس سمیت مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی زمینوں پر تقریباً 666,000 صہیونی آباد کار، 145 بڑی صیہونی بستیاں، اور 140 بے ترتیب بغیر لائسنس چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔