(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) جی سی سی نے امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن کو لکھے گئے خط میں واشنگٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کو نشانہ بنانے والے تمام اقدامات اور بیانات کا جواب دینے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔
چھے رکن ممالک پرمشتمل خلیج تعاون کونسل (جی سی سی)کے وزرائے خارجہ نے امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن کوایک خط لکھا ہے جس میں جس میں صہیونی ریاست کے شدت پسند وزیرخزانہ کے متنازع بیان کی مذمت کی ہے جس میں انھوں نے فلسطینی عوام کے وجود سے ہی انکار کیا تھا۔
امریکی وزیرخارجہ کو لکھے گئے خط میں واشنگٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کو نشانہ بنانے والے تمام اقدامات اور بیانات کا جواب دینے اور اسرائیل فلسطین تنازع کے منصفانہ، جامع اور دیرپا حل تک پہنچنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
واضح رہے کہ غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کی جماعت کے شدت پسند وزیربرائے خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے اس ماہ کے اوائل میں فرانس کے شہر پیرس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلسطینی ایک قوم کے طور پر موجود نہیں ہیں، جس پرعرب ممالک میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔
امریکی محکمہ خارجہ نے سموٹریچ کے بیان کونہ صرف غلط بلکہ انتہائی تشویش ناک اور خطرناک قراردیاہے۔