(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صہیونی فوج کے ہلاکت خیز چھاپوں کے دوران فلسطینی شہریوں اور صہیونی فوج کے درمیان پرتشدد جھڑپیں بھی ہوئیں۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد غاصب سیکیورٹی فورسز نے گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کے مشرق میں واقع الطور قصبے پر چھاپہ مار کارروائی شروع کی اور فلسطینیوں کے گھروں میں روایتی لوٹ مار کرتے ہوئے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
غاصب صہیونی فورسز نے چھاپوں کے دوران کم سے کم 27 فلسطینی نوجوانوں کو بغیر کسی جرم کے گھروں سے اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
اسرائیلی فورسزکے چھاپوں اور لوٹ مار کے خلاف فلسطینی نوجوانوں نے مزاحمت کی جس کے بعد پرتشدد جھڑپیں شروع ہوئیں تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ مغربی کنارے میں یہ اشتعال انگیز کارروائیاں بڑھتے ہوئے ماحول کے درمیان، خاص طور پر نئی اسرائیلی حکومت کے قیام کے بعد سامنے آئی ہیں۔