(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی حکومت اپنے مطالبات کے حصول لئے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیروں کے تمام مطالبات ماننے پر مجبور۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صہیونی ریاست اسرئیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے فلسطینی قیدیوں کے سارے مطالبات کو تسلیم کرنے پر اپنے ردعمل میں فلسطینی قیدیوں، عوام اوردنیا کے سارے آزادی پسند لوگوں کو مبارک باد پیش کی۔
اسماعیل ہنیہ نے فلسطینی قیدیوں کی غاصب ریاست اور اس کے شدت پسند وزیر ایتمار بن گویر پر فتح کے حوالے سے مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قیدیوں نے ڈٹ جانے اور صیہونی ریاست کے ارادہ کو توڑنے کی ایک نئی مثال پیش کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام تمام میدانوں میں صیہونی ریاست پر فاتح ہوں گے۔
واضح رہے کہ صہیونی ریاست کے شدت پسند وزیر برائے سلامتی ایتماربن گویر نے صیہونی جیل حکام کو حکم دیا تھا کہ وہ فلسطینی قیدیوں کو صرف دو منٹ کےلئے حمام جانے کی اجازت کا قانون لاگو کر دیں، اس کے علاوہ فلسطینی جیلوں میں انہیں صرف ایک گھنٹے کےلئے پانی فراہم کیا جائے گا جس کے جواب میں دو ہزار فلسطینی قیدیوں نے اجتماعی بھوک ہڑتال کرنے کا اعلان کیا تھا۔
فلسطینی اسیروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر بھوک ہڑتال پر صیہونی ریاست نے قبول کیا ہے کہ وہ صیہونی جیلوں میں شدت پسند سیکورٹی وزیر ایتماربن گویر کے لاگو کردہ نئے قوانین کو ختم کردے گی۔