(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) شہید فلسطینی نےاسرائیلی فوج کے ہاتھوں گرفتاری پر مقابلے کو ترجیح دی اور شہید ہوگیا۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آج صبح مقبوضہ غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم میں صہیونی فورسز کی وحشیانہ کارروائی کے دوران فلسطینی مزاحمتی تنظیم ریپڈ رسپانس گروپ، "تلکرم بریگیڈ”کے بانی رہنما 25 سالہ امیر عماد ابو خدیجہ شہید ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق غاصب فورسز کے سادہ لباس میں ملبوس کم سے کم دو درجن سے زائد خصوصی اہلکاروں نے امیر عماد ابو خدیجہ کے گھر کو گھیرے میں لیتے ہوئے کارروائی شروع کی صیہونی فوجیوں نے شہر پر دھاوا بولا اور گھر کا محاصرہ کرلیا۔
صہیونی افواج نے مزاحمتی کارکن ابو خدیجہ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن انھوں نے اپنی شہادت تک دشمن فوجیوں کے ساتھ مقابلہ کیا۔
غیر قانونی صہیونی ریاست کے فوجی ریڈیو کے مطابق امیر عماد ابو خدیجہ اسرائیلی فوج کے خلاف خطرناک حملوں کی منصوبہ بندی سمیت متعدد اسرائیلی فوجیوں اور آبادکاروں کے قتل میں ملوث تھے ،صہیونی فورسز نے امیر عماد ابو خدیجہ کی شہادت کے بعد موقع سے دو مزید فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے۔
صہیونی فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ آپریشن کے دوران متعدد ہتھیار، ایک ایم 16 ہتھیار اور اسرائیلی فوج کی وردی کو ضبط کر لیا گیا، اس کے علاوہ اس کار کو بھی ضبط کیا گیا جسے شہید کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہے تھے