(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ” پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن “(پی سی او) کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں خواتین بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار ہیں۔
غیر قانونی طور پر نظربند کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اسلام آباد میں شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی اور یوتھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام ”بھارتی قبضے کے تحت کشمیری خواتین کی زندگی گزارنے کی جدوجہد“ کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ مقبوضہ علاقے کی خواتین کو ر وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا ہے جن میں بھارتی فوج، پولیس، خفیہ ایجنسیوں اور بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہوں کی طرف سے جنسی زیادتی، گمشدگی، تشدد، اغوا، قتل اور تذلیل شامل ہیں۔
مشعال ملک نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں خواتین کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے پر نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین نے تحریک آزادی کو آگے بڑھانے اور اپنے بنیادی حقوق کی وکالت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں خودارادیت کی پرامن جدوجہد کو دبانے کے لیے عصمت دری کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا تاہم بھارت جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری اور عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیں