(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی آبادکار نے الزام عائد کیا ہے کہ فلسطینی نوجوان نے اس پر تیز دھار آلے سے قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کی جس کے جواب میں اس نے نوجوان پر فائرنگ کی۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی عبرانی نیوز ویب سائٹ ’کان‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ "ماعلے شمرون” بستی کے قریب صیہونی آبادکار نے اپنے تحفظ میں فائرنگ کر کے ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا ہے، دوسری جانب فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق صیہونی آبادکار نےنہتے فلسطینی شہری 21 سالہ عبد الکریم بدیع الشیخ کو فائرنگ کر کےشہید کیاہے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارےکے شہر قلقیلیہ میں غیر قانونی صیہونی بستی "ماعلے شمرون” کے قریب ایک صیہونی آبادکار نے فلسطینی نوجوان کو فائرنگ کر کے شہید کردیا۔
صہیونی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے مقبوضہ مغربی کنارے میں سلفیت اور قلقیلیہ کے درمیان واقع "ڈورٹ فارم” چوکی کے قریب یہودی آباد کاروں کو چاقو مارنے کی کوشش کی جس پر اسے گولی مار کر قتل کردیا گیا۔
عبرانی نیوز ویب سائٹ نے دعویٰ کیا کہ اس کے قبضے سے چاقو اور مقامی ساختہ دوسرے دستی ہتھیار بھی ملے۔