(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) یہ اب تک کا سب سے خطرناک بیان ہے جو آباد کاروں پر تشدد اور اسرائیلی حکومت کے ان کے ساتھ برتاؤ کے حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کی ایک سرکاری اور عوامی رپورٹ میں سامنے آیا ہے۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے عبرانی اخبار یسرائیل ہیوم نے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے اسرائیلی کے خلاف جاری کردہ رپورٹ شائع کی ہے جس میں سال 2021 کا خلاصہ پیش کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صیہونی ریاست کی نام نہاد سیکیورٹی فورسز فلسطینیوں کے خلاف صیہوی آباد کاروں کے حملوں کو نہیں روکتی اور نا ہی گرفتار کرتی ہے ۔
اخبار کے مطابق یہ اب تک کا سب سے خطرناک بیان ہے جو آباد کاروں پر تشدد اور اسرائیلی حکومت کے ان کے ساتھ برتاؤ کے حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کی ایک سرکاری اور عوامی رپورٹ میں سامنے آیا ہے۔اگرچہ رپورٹ کی اشاعت کی تاریخ بہت پہلے سے طے کی گئی تھی، لیکن اس کی اشاعت کا وقت نابلس کے جنوب میں واقع قصبے حوارہ پر آباد کاروں کے حملے اور فلسطینیوں کے گھروں کو نذر آتش کرنے اور بے گھر ہونے کےدنوں میں آیا ہے۔
رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2021 میں مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف آباد کاروں کے تشدد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ رپورٹ میں اشارہ کیا گیا ہے کہ صیہوین آباد کاروں نے فلسطینیوں پر جسمانی حملے، املاک پر حملے اور فلسطینیوں کے خلاف قومیت کے پس منظر میں جرائم کیے ہیں۔