(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) آبادکاروں نے فلسطینیوں کی گاڑیوں کو نذر آتش کیا دوسری جانب صیہونی فوج نے فائر بریگیڈ کو آگ بجھانے سے روک دیا۔
گذشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے میں نابلس کے شمال میں واقع حوارہ قصبے میں درجنوں غیر قانونی مسلح صیہونی آبادکاروں نے فلسطینیوں کی 36 سے زائد گاڑیوں اور گھروں سمیت کاروباری مراکز کو نذر آتش کرنے کے بعد آبادکاروں نے نابلس کے جنوب میں واقع بورین قصبے کے مضافات میں فلسطینیوں کے گھروں پر حملہ کیا اور دو گاڑیوں کو جلا دیا اور گھروں کے شیشے توڑ ڈالے۔
صیہونی ریاستی دہشتگردی پر نظر رکھنے والی کمیٹی کے رکن عیسیٰ نمیر کا کہنا ہے کہ غیر قانونی صیہونی بستی براچہ کے شرپسند مسلح آباد کاروں نے قصبے کے مشرقی علاقے پر بڑی تعداد میں حملہ کیا اور شہریوں ابراہیم عید، انس الحواری اور بشیر حمزہ کے گھروں پر پتھراؤ کیا اور مولوٹوف کاک ٹیل پھینکے.
آباد کاروں نے ادریس الحواری کے خاندان کی دو گاڑیوں کو بھی آگ لگا کر نذرآتش کردیا۔اس موقعے پر قابض فوج نے سول ڈیفنس کے عملے کو آگ بجھانے سے روک دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف رہائشیوں اور دوسری طرف آباد کاروں اور قابض فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اوراسرائیلی فوجیوں نے شہریوں پر گولیاں، آنسو گیس اور صوتی بم برسائے۔