(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج کا کہنا ہے کہ آبادکاروں کوہلاک کرنے والا شخص فلسطینی ہے جس کی شناخت کرلی گئی ہے تاہم تلاش جاری ہے۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد سیکیورٹی فورسز کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مقبوضہ غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں حوارہ قصبے کے داخلی دروازہ پر مسلح فلسطینی شخص نے ایک کار میں سوار دو صیہونی آبادکاروں کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں صیہونی آبادکاروں کی عمریں 20 سال سے زائد تھیں اور وہ صیہونی بستی ہربراچا کے مکین تھے، جس وقت انھیں قتل کیا گیا وہ کار میں سوار تھے اور حوارہ کے مقام سے گزر رہے تھے ، ہلاک ہونے والے دونوں آبادکاروں کو چار چار گولیاں لیگں جس کے باعث وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو شناخت کرلیا گیا ہے تاہم اس کی تلاش کے لئے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔واقعے کے بعد اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔