(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) پاکستان نے کہا ہے کہ ’غیر قانونی اور غیر منصفانہ اسرائیلی اقدام کشیدہ صورت حال کو مزید بگاڑ دے گا اور خطے میں امن کے امکانات کو نقصان پہنچائے گا۔‘
پاکستان کی ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں غیر قانونی صیہونی ریاست کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں نو بستیوں کو قانونی حیثیت دینے کے اسرائیل کے حالیہ فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بین الاقوامی قانون اور متعلقہ قراردوں کی واضح اور کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس سے فلسطینی عوام کے حقوق کی مزید خلاف ورزی ہوتی ہے‘
پاکستانی وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’غیر قانونی اور غیر منصفانہ اسرائیلی اقدام کشیدہ صورت حال کو مزید بگاڑ دے گا اور خطے میں امن کے امکانات کو نقصان پہنچائے گا۔‘
پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’بین الاقوامی برادری کو اسرائیل کو ایسے حالات پیدا کرنے سے روکنے کے لیے زیادہ سے زیادہ کوششیں کرنی ہوں گی جو دو ریاستی حل میں رکاوٹ بنیں۔‘
دفتر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ ’پاکستان فلسطینی عوام اور فلسطینی کاز کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور مشرقی بیت المقدس کے ساتھ 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر آزاد ریاست فلسطین کے قیام کا مطالبہ کرتا ہے۔‘