(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج مزاحمت کاروں کے حملوں کو روکنے میں ناکامی کے بعد نہتے فلسطینی شہریوں کے ساتھ انتقامی کارروائیوں میں ملوث ہے جہاں وہ ان کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ دہشتگرد قرار دیتے ہوئے شہید کررہی ہے۔
فلسطینی ذرائع ابلاغ کےمطابق غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد سیکیورٹی فورسز نے گذشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مارکارروائیاں جاری رکھی ہیں ، صیہونی فورسز نے تلاشی کی مذمومہم کے دوران طوباس کے شمال میں واقع قصبے عقبہ سے 39 سالہ نائف ابو عرا اور 24 سالہ خالد احمد ابو حماد گرفتار کیا۔
قبل ازیں قابض فوج نے جنین کے مشرق میں واقع عرانہ گاؤں سے دو بھائیوں کو گرفتار کیا، جن میں سے ایک حالیہ ہی انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت چھ ماہ کی قید کاٹ کر رہا ہوا تھا۔
قابض فورسز نے سابق قیدی محمود خالد ابو حنانہ اور ان کے بھائی محمد کو ان کے گھروں پر چھاپہ مارنے کے بعد گرفتار کیا۔
دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس سے ہی دو نوجوانوں عصام مرار اور قصی مرار کو مقامی ذرائع کے مطابق بیت دقو نامی گاؤں میں گھروں پر چھاپہ مار کر تلاشی لینے کے بعد گرفتار کر لیا۔ نوجوان عدنان ابو الھوا کو بیت المقدس کے قصبے الطور میں اس کے خاندان کے گھر پر چھاپہ مارنے کے بعد گرفتار کیا اور گھر میں روایتی لوٹ مار کی۔