(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) شہداء اور قیدیوں کے اہل خانہ کے لیے مختص رقوم کی چوری، فلسطینیوں کو ان کی زمین پر تعمیرات سے روکنے سمیت دیگر سنگین جرائم پر فلسطین اتھارٹی عالمی سطح پراقدامات کرے۔
غیرقانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے فلسطینیوں کے خلاف تازہ پابندیوں کو فلسطینی قوم پر قابض دشمن ریاست کا نیا حملہ قرار دیتے ہوئے ان پابندیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ حماس نے فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی پابندیوں کے جواب میں عالمی سطح پر آواز اٹھائے اور عالمی عدالتوں میں اسرائیلی لیڈروں کے خلاف مقدمات قائم کرے۔
حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزاحمتی تحریک نے ان پابندیوں کو ایک جرم اور فلسطینیوں فطری حقوق کے خلاف صہیونی ریاست کا ڈاکہ قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے فیصلے کو متاثر کرنے کی کوشش قرار دیا۔
حماس نے بیان میں کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کو اسرائیل کی تازہ پابندیوں اور انتقامی حربوں کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنا چاہیے۔