(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں کے علاقے مونجھ مارگ میں قابض بھارتی فوج نے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
جام شہادت نوش کرنے والے تینوں نوجوان پہلے ہی قابض بھارتی فوج کی قید میں تھے اور انہیں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی آڑ میں ایک فرضی مقابلے میں مارا گیا ہے۔
شہید ہونے والے نوجوانوں میں سے 2 کی شناخت لطیف لون اور عمر نذیر کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا قابض بھارتی فوج کی اس بےہیمانہ کارروائی پر پردہ ڈالنے کے لیے شہدا کا تعلق مقبوضہ وادی میں مسلح جدوجہد کرنے والی تنظیم لشکر طیبہ سے ظاہر کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا یہ دعویٰ ہے کہ لطیف لون ایک کشمیری پنڈت پران کرشن بھٹ کے قتل میں ملوث تھا جب کہ عمر نظیر نے وادی میں نیپال کے شہری تل بہادر تھاپا کو ہلاک کیا تھا۔