(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) نامزد وزیراعظم نیتن یاہو نے صہیونی ریاست کی تاریخ میں سب سے زیادہ دائیں بازو ،انتہا پسند اور مسلم مخالف حکومت کے قیام کا اعلان کردیا۔
غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کے نامزد وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے حکومتی اتحاد بنانے کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن کے ختم ہونے سے چند منٹ قبل بدھ کی رات سماجی رابطوں کی ویب سایٹ ٹوئٹر پر اپنے عبرانی زبان میں جاری کردہ پیغام میں اعلان کیا کہ وہ مذہبی اور انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں کے اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
ڈیڈ لائن ختم ہونے سے چند منٹ قبل پوسٹ کئے گئے اپنےپیغام میں نیتن یاہو نے کہا کہ انہوں نے اسرائیلی صدر ہرزوگ کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کرتے ہوئے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ : "گزشتہ انتخابات کے دوران ہمیں ملنے والی زبردست عوامی حمایت کا شکر گزار ہوں ، میں آپ کو بتاتا ہوں کہ میں ایک ایسی حکومت بنانے کے قابل ہوں جو اسرائیل کے تمام شہروں کے فائدے کے لیے کام کرے گی۔