(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی گلہ بان نے بتایا کہ غیر قانونی صہیونی بستی "میوو دوتان”کے مسلح صہیونی آبادکاروں نے اس پر حملہ کیا اس کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اور اس کے مویشی اپنے ہمراہ لے گئے۔
فلسطینی گلہ بان عماد لطفی زہیر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ گذشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین کے جنوب واقع غیر قانونی صہیونی بستی "میوو دوتان” سے تعلق رکھنے والے صہیونی آبادکاروں کے ایک گروہ نے اس پر حملہ کیا اس کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس کی 120 بھیڑیں اور زبردستی چھین لیں۔
عمادلطفی نے بتایا کہ گذشتہ ماہ بھی مسلح صہیونی آبادکاروں نے اس کے قصبے سے تعلق رکھنے والے ایک فلسطینی کی چھ گائے چھین لی تھی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کی اپنی املاک پر غیر قانونی صہیونی آباد کاروں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے جس میں فلسطینیوں کے گھروں پر حملے، ان کی گاڑیوں کو توڑ پھوڑ ،پھلوں کے باغوں میں آگ لگانا،پانی کے ذخیروں کو تباہ کرنے سمیت فلسطینی قصبوں اور شہروںکی سڑکیں بلاک کرنا شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کی رپورٹوں کے مطابق، 2022 کے آغاز سے، صہیونی آباد کاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں اور ان کی اپنی املاک پر 290 سے زائد حملے کیے ہیں، جن میں سے 230 میں املاک کو نقصان پہنچا، اور ان میں سے 60 فلسطینی باشندوں کے زخمی ہوئے۔
650,000 سے زیادہ نوآبادیاتی آباد کاروں کو مقبوضہ مغربی کنارے اور یروشلم کی چوری شدہ زمینوں پر تعمیر کی گئی 164 غیر قانونی بستیوں اور 124 چوکیوں میں تقسیم کیا گیا۔
مغربی کنارہ اور یروشلم کی زمینیں بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر مقبوضہ علاقے ہیں جس کی وجہ سے وہاں اسرائیلی بستیوں کی تعمیر کی تمام سرگرمیاں غیر قانونی ہیں۔