(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حماس کے وفدنے اقوا م متحدہ کے نمائندہ خصوصی کو صیہونی ریاست کی فلسطینیوں کے خلاف اشتعال انگیزی اور صہیونی آبادکاروں کے حملوں سمیت اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ سمیت دیگر مقدسات کی بے حرمتی کے حوالے سے آگاہی دی۔
حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے وفد نے جماعت کے نائب سربراہ خلیل الحیہ کی زیر قیادت محصور شہر غزہ میں اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ امن عمل ٹور وینیس لینڈ سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں حماس نمائندوں نے یواین کوآرڈینیٹر کو اسرائیلیوں کی طرف سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے بڑھے ہوئے واقعات کے بارے میں بریف کیا کہ کس طرح صہیونی اور نسل پرستی کی غیر انسانی کارروائیاں جاری ہیں۔
اس دوران فلسطینیوں اور ان کے مقدس مقامات، یروشلم اور مغربی کنارے میں اسرائیلی اشتعال انگیزیوں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
حماس کی طرف سے اقوم متحدہ کے نمائندے کو دوٹوک انداز میں بتایا گیا کہ اس صورت حال میں فلسطینیوں کو پورا حق ہے کہ وہ اپنی سرزمین ، اپنے لوگوں اور مقدس مقامات کے تحفظ و دفاع کے لیے ہر طریقہ اختیار استعمال کریں۔
حماس رہنما خلیل الحیا نے کہا غزہ پورے مقبوضہ فلسطین کا نہ جدا ہو سکنے والا حصہ ہے۔ اس لیے مغربی کنارے یا یروشلم میں جو اسرائیلی فوجی کارراوائیاں اور مظالم کیے جاتے ہیں ان کے بعد غزہ کے لوگ خاموشی سے بیٹھے نہیں رہ سکتے ہیں۔
حماس وفد نے اقوام متحدہ کے نمائندے کے توسط سے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین اور فلسطینیوں کے حوالے سے اپنے دوہرے معیار کو چھوڑ دے اور اسرائیلی قابض اتھارٹی کے فلسطینیوں کے خلاف جرائم کا نوٹس لے اور اسرائیلی کی سرپرستی سے باز آجائے۔