(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مزاحمت کاروں نے صہیونی فوج پر مختلف علاقوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 17 حملے کئے، صہیونی فوج کی کارروائی میں درجنوں گرفتار متعدد زخمی۔
فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی کے باوجود فلسطینی مزاحمت کاروں کی کارروائیوں میں کمی آنے کے بجائے مزید تیزی دیکھنےمیں آرہی ہے اور گذشتہ چوبیس گھنٹوں کےدوران فائرنگ ، پتھراو اور پیٹرول بموں کی مزاحمتی کارروائیوں میں صہیونی فورسز کو نشانہ بنایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی فورسز نے مغربی کنارے میں تلاشی کے نام پر روایتی لوٹ مار شروع کی جس کے ردعمل میں فلسطینی نوجوانوں نے صہیونی فورسز پر پتھراو کیا اور پرتشدد جھڑپیں شروع ہوئیں، غاصب فورسز نےطاقت کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی اور فائرنگ کی جس کی زد میں آکر متعدد فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جبکہ غاصب فوج نے درجنوں فلسطینیوں کو بھی گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق مزاحمت کاروں نے الجلمہ فوجی چوکی پر تیز رفتار گاڑی سے فائرنگ کی اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، فائرنگ کے واقع میں اسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم صہیونی فوج نے اس کی تفصیلات جاری نہیں کیں، مزاحمتی کارکنوں نے نابلس میں بیت فوریک چوکی پر تعینات قابض فوجیوں پر بھی فائرنگ کی۔