(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں وادی الجوز محلے میں ہنادی حلوانی کے گھر پر دھاوا بول دیا اور انہیں فوری طورپر حراستی مرکز پر طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح غاصب صہیونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والی سرکردہ سماجی اور مذہبی رہ نما معلمہ ہنادی حلوانی کو انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت مسجد اقصیٰ سے ایک بار پھر ہفتے کے لیے بے دخل کردیا ہے جس میں مزید توسیع کی جاسکتی ہے۔
قابض حکام نے حلوانی کو انٹیلی جنس کی جانب سے پوچھ گچھ کے لیے حراستی مرکز طلب کیا ہے جہاں ان کی حراست میں لیے جانے کا بھی خدشہ ہے۔
ہنادی حلوانی مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے لئے سرگرم کارکن ہیں ان کی ان سرگرمیوں کےباعث وہ کئی بار اسرائیل کی طرف سے عتاب کا نشانہ بن چکی ہیں۔