(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی فورسز نے الخلیل میں قائم فلسطینی بچوں کے اسکول پر دھاوا بولا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے باعث بچے اسکول میں محصور ہوگئے، متعدد طلباء شیلنگ کے باعث سانس لینے میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق غیر قانونی صہیونی ریاست کی قابض فوج نے آج صبح مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں قائم ایک فلسطینی اسکول پر دھاوا بولا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے باعث متعدد طلباء کی حالت غیر ہوگئی۔
وزارت تعلیم کے ڈائریکٹر یاسر صالح نے بتایا کہ قابض افواج کی جانب سے کی جانے والی وحشیانہ کارروائیوں کے باوجود فیکلٹی ممبران مقامی لوگوں کی مدد سے طلباء کو بحفاظت اسکول سے نکالنے میں کامیاب ہوئے اور خوش قسمتی سے کسی طالب علم کو شدید نوعیت کی پیچیدگی نہیں ہوئی تاہم بعض کو سانس لینے میں دشوری ہوئی جس کے باعث انھیں مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔