(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی فورسز کے لئے دہشت کی علامت بننے والے دونوں فلسطینی نوجوان اسرائیلی فوج کے خلاف درجنوں کامیاب مزاحمتی کارروائیوں کو انجام دے چکےتھے۔
فلسطینی نیوز ایجنسی صفا کی رپورٹ کے مطابق غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کی فوج نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں جنین پناہ گزین کیمپ کے ایک گھر پر دھاوا بولا ، اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد جنین بریگیڈ کے کمانڈر 26 سالہ محمد السعدی اور 27 سالہ نعیم زبیدی کو فائرنگ کرکے شہید کردیا جبکہ ایک کو زخمی کردیا۔
واضح رہے کہ دونوں نوجوانوں کی شہادت کی خبر پر اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ دونوں نوجوان صہیونی فوج کے لئے دہشت کی علامت بنے ہوئے تھے اور گذشتہ ایک سال کے دوران صہیونی فورسز کے خلاف درجنوں خطرناک کارروائیوں کو کامیابی سے انجام دے چکے تھے جس میں اسرائیلی فوج کو جانی اور بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔