(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) یورپی یونین کا کہنا ہے کہ صہیونی ریاست کی "یہ ظالمانہ کاروائیاں صرف فلسطینیوں کی تکالیف کو بڑھا رہی ہیں جبکہ کشیدہ ماحول میں مزید اضافے کا سبب بن رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز یورپی یونین نے غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کی فوج کے ہاتھوں غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں مسافر یطا میں یورپی یونین کے تعاون سے چلائے جانے والے اصفی پرائمری اسکول کی مسماری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی قانون کے تحت غیرقانونی انہدامی کارروائیوں اور مکانات مسماری سے فلسطینیوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔
یورپی یونین کی جانب سے جاری کردہ بیان میں صہیونی ریاست سے فلسطینی بچوں کے تعلیم کے حق کا احترام کرنے کا مطالبہ کرتے ہئے کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف اپنی افواج کے ذریعہ کی جانے والی تمام انہدام اور انخلاء کی کارروائیوں کو روکیں "یہ کاروائیاں صرف فلسطینیوں کی تکالیف کو بڑھا دیں گی اور کشیدہ ماحول میں اضافے کا باعث بنیں گی۔”