(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) جنازے میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی ، شرکا ء نے خون کا بدلہ لینے اور انتقام کا مطالبہ کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔
گذشتہ روز غیر قانونی صہیونی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے 16 سالہ بچے احمد امجد شھادہ کو اس کے آبائی شہر نابلس میں سپرد خاک کردیا گیا۔
شہید فلسطینی بچے کے جنازے میں عوام کا جم غفیر جمع ہوگیا اور انہوں نے اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ اسرائیلی فوج بھی جنازے کے قریب موجود رہی جہاں مشتعل فلسطینیوں اور قابض فوجیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔سوگواروں نےاللہ اکبر کے نعروں کے ساتھ مزاحمت کی حمایت اور اسرائیلی فوج سے انتقام لینے کے حق میں بھی نعرے لگائے۔
فلسطین کے حالیہ منظر عام پر آنے والے مزاحمتی گروپ "عرین الاسود” نے شہید شحادہ کی آخری رسومات میں شرکت کی۔کل رات سولہ سالہ شحادہ اسرائیلی فوج کی طرف سے کی گئی فائرنگ سے شہید ہوگیا تھا۔ اس کے سینے میں گولیاں لگیں جس کے نتیجے میں وہ دم توڑ گیا۔ اسرائیلی فوج کی دہشت گردی کے دوران 22 فلسطینی زخمی ہوئے۔