(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی طالبعلم کو اسرائیلی فوج نے پیٹ اور سینےمیں چھ گولیاں ماری ، فائرنگ سے مزید چار فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ متعدد کو گرفتار کیا گیا۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کی ناجائز فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں فرحت حشد بوائز سیکنڈری ہائی اسکول کے طالب علم 18 سالہ محمود السعدی کو فائرنگ کرکے شہید کردیا، فائرنگ کے واقعے میں مزید 4 فلسطینی زخمی بھی ہوئے جبکہ صہیونی فورسز نے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
فلسطینی وزارت تعلیم کے مطابق محمود السعدی کسی احتجاجی مظاہرے یا جھڑپوں میں شامل نہیں تھا محمود السعدی کو اسرائیلی فورسز نے اسکول آتے ہوئے راستے میں دہشت گردی کا نشانہ بنایا۔