(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) شہید شیخ عزالدین القسام کو فلسطین کاز اور مسلمانوں کے مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے جان قربان کیے ہوئے 87 سال گذر چکے ہیں مگر ان کے راستے پر چلنے والے فلسطینی مزاحمت کاروں کے لیے وہ آج بھی مشعل راہ ہیں۔
مقبوضہ فلسطین میں صہیونی ریاستی ظلم و استبداد کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے شہید شیخ عزالدین القسام کے 87 ویں یوم شہادت پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عظیم سپوت کی فلسطین کے لیے دی گئی شہادت صہیونی قبضے کے خلاف مزاحمت کا راستہ یہ گواہی دیتے ہیں کہ اس قبضے کو شکست دینے کا یہی ایک راستہ ہے۔ بیان میں کہا گیا شیخ عزالدین القسام کے نام پر حماس کے مسلح ونگ کا قیام ان کے لیے فلسطینیوں کی طرف سے خراج تحسین بھی ہے اور ان کی قربانی کا اعتراف بھی۔
واضح رہے شیخ عزالدین القسام 20 نومبر 1936 کو جنین کے علاقے میں ایک گاوں میں برطانوی قابض فوج کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔ وہ فلسطینی مزاحمت کاروں کی قیادت کر رہے تھے۔ شیخ القسام کی شہادت نے فلسطینیوں کی جدوجہد پر گہرے اثرات مرتب کیے بلکہ آنے والے برسوں میں پوری عرب دنیا میں انقلاب کا ماحول پیدا کر دیا۔ حماس کا القسام بریگیڈ کے نام سے مسلح ونگ انہی کے نام سے منسوب ہے۔