(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ایک ہفتے قبل ہی صہیونی ریاست نے غزہ سے سمندری غذا کی مغربی کنارے کے بازاروں میں ترسیل پر بھی پابندی عائد کی ہے۔
غزہ فشرمین فورم کی جانب سے فراہم کی گئی اطلاعات کے مطابق آج صبح صہیونی فوج کی بحریہ نے غزہ کے ماہی گیروں پر اس وقت فائرنگ شروع کردی جب وہ اسرائیل ہی کی جانب سے مقرر کردہ سمندری حدود میں مچھلیوں کے شکار میں مصروف تھے، صہیونی نیوی نے ماہی گیروں کی چھ کشتیاں ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ شکار کی گئی کئی من مچھلیاں بھی ضبط کرلی جبکہ ماہی گیروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطین کا شہر غزہ گذشتہ 15 سالوں سے اسرائیل کی جانب سے غیر قانونی معاشی ناکہ بندی کا شکار ہے ، غزہ کے شہریوں پر اسرائیل کی جانب سے آئے روز نت نئی پابندیاں اور مظالم کا مقصد شہریوں پر دباؤ ڈالنا ہے تاکہ وہ ارض مقدس سے نقل مکانی کرکے شام ، اردن ، اور دیگر ممالک میں قائم کردہ پناہ گزین کیمپوں میں جانے پر مجبور ہوجائیں اور اسرائیل پورے فلسطین پر قابض ہوسکے۔