(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی ریاستی دہشتگردی کے جواب میں فلسطینیوں کے صہیونی فوجیوں اور غیر قانونی آبادکاروں پر حملوں میں مزید تیزی آگئی ہے۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم غیر قانونی صہیونی بستی اریئیل میں 18 سالہ فلسطینی نوجوان محمد صوف نے پہلے تین اسرائیلی شہریوں کو چاقو کے وار سے زخمی کیا، بعد ازاں قریبی پیٹرول پمپ پر مزید دو صہیونیوں کو چاقو کے وار سے ہلاک کیا اور ایک کو زخمی کیا، اس کے بعد قریبی گاڑی میں فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے ایک اور صہیونی کو گاڑی تلے کچل کر ہلاک کردیا اس دوران صہیونی فوجیوں نے فائرنگ کرکے شہید کردیا۔
واضح رہے کہ رواں سال صہیونی ریاستی دہشتگردی کے جواب میں فلسطینیوں کی جانب سے غیر معمولی ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے ، رواں سال میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے صہیونی فوجیوں اور غیر قانونی آبادکاروں پر سیکڑوں حملے کئے جاچکے ہیں جس میں 12 اسرائیلی فوجیوں سمیت 35 اسرائیلی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں، دوسری جانب اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھی فلسطینیوں کے خلاف گرفتاریوں اور شہادتوں میں اضافہ ہوا ہے ، اسرائیلی فوج روزانہ کی بنیاد پر فلسطینیوں کو گرفتار اغوا اور قتل کررہی ہے تاہم ان تمام مظالم کے باوجود فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں کمی آنے کے بجائے شدت دیکھنے میں آئی ہے۔