(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی فوج نے حملے میں دمشق شہر کے آس پاس کے کچھ مقامات کو نشانہ بنایا، لیکن شامی فضائی دفاع نے اسرائیلی میزائلوں کو مار گرایا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شامی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل نے رواں ہفتے کے دوران تیسری مرتبہ خانہ جنگی کا شکار ملک شام پر حملہ کیا ہے تاہم شامی فضائی دفاعی نظام نے صہیونی فوج کے میزائلوں کو ہدف تک پہنچے میں کامیابی حاصل نہیں کرنے دی اور انھیں فضا میں ہی تباہ کردیا ۔ اسرائیل نے حملے میں دمشق شہر کے آس پاس کے کچھ مقامات کو نشانہ بنایا۔ وزارت دفاع نے واضح نہیں کیا کہ ہدف کے مقامات کیا تھے۔
واضح رہے جمعہ 21 اکتوبر کو بھی اسرائیلی فضائی حملوں نے دمشق کے نواحی مقامات کو نشانہ بنایا تھا، پیر کو دن کے اوقات میں دوبارہ حملے کئے گئے، ان حملوں میں ایک فوجی زخمی ہوا تھا۔ گزشتہ برسوں کے دوران اسرائیل نے شام میں سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں جن میں شامی فوج کے ٹھکانوں، ایرانی اہداف اور لبنانی حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔