(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نے ایران اور روس کے درمیان تعلقات کی بہتری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتہائی خطرناک قربت ہے، اس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔
ناجائز صہیونی ریاست کے وزیراعظم یائر لیپڈ نے اسرائیل کے معروف اخبار یروشلم پوسٹ کو دیئے گئے اپنے ایک حالیہ انٹر ویو میں ایران اور روس کے درمیان بہتر ہوتے ہوئے تعلقات کو صہیونی ریاست کی سلامتی کےلئے انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایسی صورتحال نہیں ہے جس کو اسرائیل نظر انداز کرسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
اسلامی جہاد کے سربراہ کی اپیل مسترد، صہیونی عدالت سے28 ماہ قید کا حکم
انھوں نے ایران پر الزام عائد کیاہے کہ ایران یوکرین کی جنگ میں روس کو ڈرون بھیج رہا ہے، انھوں نے کہا کہ تل ابیب یوکرین جنگ کے حوالے سے اپنے موقف کا جائزہ لینے کے لیے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے ہم اس پر اپنا ردعمل دیں گے ۔
واضح رہے کہ روس فلسطینی مزاحمتی تنظیموں اور تحریکوں کا سپورٹر ہے جبکہ دوریاستی حل کا بڑا حامی ہے ، حالیہ روسی حکومت نے حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ اور اسلامی جہاد کے سربراہ ذیاد النخالہ کو ماسکو میں سرکاری دورے پر مدعو کیا تھا جس میں روس کے وزیر خارجہ سمیت اعلیٰ حکومتی عہدیداران نے ان سے ملاقات کی تھی ، دوسری جانب ایران کو صہیونی ریاست اپنا سب سے بڑا دشمن قرار دیتی ہے اس طرح ایران اور روس کے درمیان قربتیں اسرائیلی سلامتی کےلئے خطرناک تصور کی جارہی ہیں ۔